لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بدتہذیبی مسلم لیگ ن کا وتیرہ ہے، یہ چور مچائے شور والا راگ الاپ رہے ہیں، مریم اورنگزیب کے عمران خان کے بارے میں غیر شائستہ الفاظ قابل مذمت ہیں، ترجمان ن لیگ اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما ماضی میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے خلاف بھی غیر شائستہ الفاظ استعمال کرتے رہے، مریم اورنگزیب نے اخلاقی پستی کا مظاہرہ کر کے ہر پاکستانی کی دل آزاری کی ہے، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ مسلم لیگ ن میں اخلاقی، سیاسی و جمہوری اقدار کا کوئی وجود نہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نازیبا الفاظ پر انہیں قوم سے معافی مانگنی چاہیے، کوئی بھی شائستہ یا باوقار شخص ایسے الفاظ کا چناؤ نہیں کر سکتا، مسلم لیگ ن اس وقت چور مچائے شور والا راگ الاپ رہی ہے، وزیر اعظم عمران خان کروڑوں پاکستانیوں کے لیڈر ہیں، پاکستانی عوام وزیراعظم عمران خان سے دلی محبت رکھتے ہیں۔