لاڑکانہ: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پیپلزپارٹی کو ہوا ہے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے نومنتخب عہدیداران اور پیپلزلائرفورم کے نمائندوں نے ملاقات کی، ملاقات میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔
بلاول کے ہمراہ اعجاز جاکھرانی، جمیل سومرو، خورشید جونیجو، مرتضی وہاب، سہیل انور سیال اور اعجاز لغاری، سندھ بار کونسل کے نمائندے آصف علی عبدالرزاق سومرو، عنایت اللہ موریو، عبدالحامد بھرگڑی، ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے صدر صفدر علی غوری، نائب صدر کامران علی گورڑ اور جنرل سیکریٹری امان اللہ لہر، جوائنٹ سیکریٹری عبدالستار ہلیو و دیگر بھی موجود تھے۔
بلاول نے پی ایل ایف کی حمایت سے جیتنے والے ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے عہدیداران کو مبارک باد دی اور ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری نے ہر دور میں پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ جمہوری جدوجہد کی ہے، آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پیپلزپارٹی کا ہوا ہے، بھٹو قتل کیس کا ریفرنس آج تک التواء کا شکار ہے، اگر ملک میں آئین کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیسے انصاف ملے گا۔