اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے لانگ مارچ سے پہلے ہی حکومت پر دباو ڈالنے کی حکمت عملی تیار کر لی۔
سیاست کے میدان میں گہماگہمی بڑھنے لگی۔ مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کی حکومت پر مزید دباؤ بڑھانے کے لیے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے لانگ مارچ سے پہلے عوام کو متحرک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پارٹی نے مریم نواز کو ایک بار پھر متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس حوالے سے پارٹی قائد نواز شریف نے بھی مریم نواز کو عوامی رابطوں کے لیے ہدایت جاری کر دی ہے۔ فروری کے دوسرے ہفتے سے مریم نواز سیاسی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں گی۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز پنجاب اور خیبر پختونخوا کے دورے کریں گی جہاں جلسوں اور جلوسوں کے علاوہ مریم نواز ورکرز کنونشنز کی سربراہی بھی کریں گی۔ پارٹی قائدین کو ن لیگ کی نائب صدر کی سیاسی سرگرمیوں کو حتمی شکل دینے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
دوروں کے لیے ڈویژنل اور ضلعی صدور کو خصوصی ہدایات دے دی گئیں ہیں جبکہ مریم کی گرفتاری کے خدشات پر پارٹی کو پلان بی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔