27 فروری کو عوام نکلیں اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیج دیں: بلاول

Published On 07 January,2022 10:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 27 فروری کو ملک بھر کے عوام نکلیں اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیج دیں ،لانگ مارچ سے قبل کسان مارچ اور پارلیمنٹ میں مؤثر احتجاج حکومت کیلئے سبق ہوگا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلوچستان کے ایگزیکٹوز کا بلاول ہاؤس میں اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران بلوچستان کے عہدیداران نے صوبے کی سیاسی صورت حال سے متعلق بریفنگ دی۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پی پی پی بلوچستان کے عہدیداران نے 27 فروری کے لانگ مارچ سے متعلق بھی بریفنگ دی۔

اس موقع پر بلاول کا کہنا تھا کہ 27 فروری کو ملک بھر سے عوام نکلیں اور سلیکٹڈ وزیراعظم کو گھر بھیج دیں، لانگ مارچ سے قبل کسان مارچ اور پارلیمنٹ میں مؤثر احتجاج کا ٹریلر حکومت کے لئے ایک اہم سبق ہوگا، اگلے انتخابات میں پیپلزپارٹی کے امیدوار بننے کے خواہش مند اپنی درخواستیں جمع کروادیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا جینا حرام کردیا، اب عمران خان کی سرکار ایک دن کے لئے بھی برداشت نہیں، پورے ملک میں موجودہ حکومت کے خلاف زبردست تحریک اس وقت تک چلے گی جب تک ملک میں نئے الیکشن نہیں ہوتے۔
 

Advertisement