اسلام آباد:(دنیا نیوز)حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے مہنگائی مارچ سے قبل چاروں صوبوں میں کنونشن،جلسے اورسیمینار کرانے کا اعلان کردیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں مختلف جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی،اس دوران مہنگائی مارچ کے حوالے سے حکمت عملی پر غور ہوا۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ چاروں صوبوں سے کیسے قافلے اسلام آباد پہنچیں گے؟ عوام کو اکٹھا کرنے کے امور، انتظامات کے طریق کار، نوعیت اور شکل کیا ہوگی اس پر غور ہوا جبکہ چاروں صوبوں میں ورکرز کنونشن ہونگے البتہ تاریخوں کو حتمی شکل نہیں دی ، گئی، میاں شہباز شریف پنجاب میں پی ڈی ایم کا اجلاس طلب کریں گے اور تاریخ بتائیں گے ، کراچی میں بھی کنونشن ہوگا اور اویس نورانی اجلاس بلائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 23مارچ کوہم نے اسلام آباد پہنچنا ہے، حکومت میں جھوٹے ترجمانوں کا جھوٹا ٹولہ ہے، 23مارچ قومی دن ہے توکیا ہم کوئی علیحدہ قوم ہیں،لاکھوں لوگ مہنگائی مارچ میں شریک ہوں گے، پہلے مارچ کا فیصلہ جمعیت علما اسلام کا تھا اب پوری پی ڈی ایم کا فیصلہ ہے۔
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ پرانا اورقائداعظم کا پاکستان کہیں نظرنہیں آرہا، تمام بحرانوں کا حل سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہے، ملک میں جلد ازجلد شفاف الیکشن چاہتے ہیں، آئین کے مطابق مقننہ اوراسٹیبلشمنٹ کام کریں گے توملک مستحکم ہوگا، سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس مہنگائی مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے تھا جبکہ قووم چاہتی ہے موجودہ سلیکٹڈ حکومت گھر جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب ہوچکی ہے،ملک کی معیشیت تباہ ہوچکی،عمران خان کی صورت میں قوم کو کورونا سے خطرناک بیماری لگی ہوئی ہے اوریہ حکومت ایک خطرناک بیماری سے کم نہیں ہے۔