’یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ قدم ہے‘

Published On 06 December,2021 08:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزراء نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے 23 مارچ کے اعلان پر کہا ہے کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔

پی ڈی ایم کے مہنگائی مارچ پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یوم پاکستان پر پی ڈی ایم کا مارچ کی کال دینا ایک انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی اقدام ہے۔ 23 مارچ کو افواج پاکستان قومی دن پر روایتی پریڈ کرتی ہیں جس میں پاکستانی عوام سمیت غیر ملکی سفیر اور مندوب بھی شرکت کرتے ہیں۔ پریڈ کی تیاری کے حوالے سے اسلام آباد کو سکیورٹی الرٹ پر رکھا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پریڈ کی تیاری کے لئے بعض راستے دو تین روز قبل بند بھی کردئیے جاتے ہیں- ایسے وقت پر مارچ کی کال ملک دوستی نہیں۔ مناسب ہوگا کہ اگر پی ڈی ایم مارچ کی کال اپریل میں لے جائے۔ یوم پاکستان کو عوام کے نام پراحتجاج اور خلفشار کے دن کے طور پر اجاگر کرنا پی ڈی ایم کا ملک مخالف قوتوں کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا نے سانحہ سیالکوٹ پر غیرذمہ دارانہ بیان اورجوازدینے کی کوشش کی، 23مارچ قوموں کوجوڑنے کا دن ایک دوسرے سے الگ کرنے کا دن نہیں،23مارچ کوہم بھی یہاں ہے دیکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے پہلے بھی ایسی تاریخیں دے کرپھربدلتے رہے ہیں، مولانا کئی دفعہ تاریخیں بدل چکے ہیں، اس باربھی ایسا ہی ہو گا۔ مولانا کی ساری کوشش دوبارہ سسٹم میں داخل ہونے کے لیے ہے، مولانا اب سسٹم کا حصہ نہیں ہے اس لیے وہ چاہتے ہیں سسٹم ختم ہوتاکہ ان کی جگہ بنے، مولانا کی اب کوئی بات سننے کوتیارنہیں نہ ان کے کوئی ساتھ ہے، وہ حوصلہ کریں اوردائیں،بائیں دیکھیں، آپ کے ساتھ کوئی بھی نہیں ہے،23مارچ بھی آجائے گا،سب دیکھ لیں گے۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ استعفوں کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ فضل الرحمان کے چہرے پر آج مایوسی کے بادل چھائے ہوئے تھے۔ 23مارچ کا دن تاریخی اہمیت کا حامل دن ہے جس کو قوم یوم پاکستان کے طور پر مناتی ہے، اس دن پر احتجاجی مارچ کا اعلان کرنے والے قومی یکجہتی خراب کرنا چاہتے ہیں۔
 

Advertisement