لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف ڈیل کرنے والی جماعت نہیں، قوم کے مجرموں سے کوئی ڈیل نہیں ہوسکتی، پارلیمنٹ میں اپوزیشن کا حال سب نےدیکھ ہی لیا۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن نہ پارلیمنٹ کے اندر کچھ کرسکتے ہیں نہ باہر کچھ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے ہمارے لیے قابل احترام ہے، روڈا کے معاملے پر سپریم کورٹ اس لئے جا رہے ہیں کہ ہمارا قانونی حق ہے، ہر سمت میں لاہور کا بے ہنگم پھیلاؤ ہوا، جس سے بہت نقصان ہوا، شہر کے بے ہنگم پھیلاؤ سے ٹرانسپورٹ اور آلودگی جیسے مسائل میں اضافہ ہوا، روڈا ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت شہر کو ماسٹر پلان دینے کا نام ہے، سیاحت کے شعبے کا فروغ وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے۔