مہنگائی مارچ کی تیاریاں جاری، 23 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے: مولانا فضل الرحمان

Published On 30 January,2022 07:34 pm

کراچی:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مہنگائی مارچ کی تیاریاں جاری ہیں ، 23 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے، حکومت نے اسٹیٹ بینک سے متعلق بل پر مشاورت کی نہ ہی سینیٹ ارکان کو پہلے سے آگاہ کیا گیا، صدارتی نظام آمرانہ طرز حکومت ہے اس لئے قوم کو تجربات سے نہ گزارا جائے۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متنازع بل کو پہلے اسٹیئرنگ کمیٹی میں بھیجا جاتا ہے، اپوزیشن کو کبھی ٹارگٹ نہیں بنائیں گے، ہمارا ایک ہی ٹارگٹ ہے اور لانگ مارچ آگے پیچھے نہیں ہوگا، لانگ مارچ 23 کو ہی ہوگا، قوم اسلام آباد کی طرف روانہ ہوگی۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ اجلاسوں میں حکومتی اراکین کو بلایا نہیں جاتا ہے، کسی بھی بل سے متعلق اراکین کو پہلے بتایا جاتا ہے، اسٹیٹ بینک بل پرمشاورت نہیں کی گئی۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ صدارتی طرز حکومت آمروں کا طرز حکومت ہے ، جب ملک میں آئین پاکستان ہے تو صدارتی طرز حکومت ٹھیک نہیں ، قوم کو تجربات سے نہ گزارا جائے ، ملک ٹوٹا بھی صدارتی طرز حکومت سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خود کشمیر کو بھارت کے حوالے کیا ، عالمی دنیا اس معاملے پر کچھ کرے ، کشمیری حکومت پاکستان سے توقع نہ کرے ، جے یو آئی کی جانب سے 5 فروری کو کشمیریوں سے اظہار یک جہتی منایا جائے گا۔
 

Advertisement