اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو ڈیرہ اسماعیل خان سے ضلع بدر کرنے کا حکم دیدیا۔
چیف الیکشن کمیشن کی طرف سے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کو براہ راست حکم میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پور اپنے بھائی کے لیے سٹی میئرکے الیکشن کی مہم چلا رہے تھے، انہیں ضلع بدرکیا جائے۔ اگر وفاقی وزیر داخل ہوں تو اسے زبردستی ضلع بدر کر دیا جائے۔
خیال رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر امین علی امین گنڈا پور اپنے بھائی کی الیکشن مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمدکریم کنڈی کی گرفتاری کا نوٹس بھی جاری کیا ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔