لاہور: (دنیانیوز) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا مشن تھا، کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری جدوجہد کو پی پی پی کی جانب سے غیر متزلزل حمایت حاصل رہے گی۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا اور عالمی ضمیر پر بوجھ ہے، مسئلہ کشمیر کے تصفیے کے بغیر خطے میں پائیدار امن اور دنیا میں انسانی حقوق کی پاسداری کا خواب پورا نہیں ہوگا، بھارت سات دہائیوں تک مظالم کے پھاڑ توڑنے کے باوجود کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام ہوا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کو روکنے کے لئے عالمی برادری کو اپنی ذمیداریاں نبھانا ہوں گی۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج اگر پاکستان میں پی پی پی کی حکومت ہوتی تو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مودی کے دانت کھٹے کر دیئے ہوتے، پیپلز پارٹی اور اس کی قیادت کی کشمیر کاز کے لئے کی گئی کاوشوں کے باعث کشمیریوں کی دلوں میں ہمیشہ جذبہ محبت و اعتماد موجزن رہا ہے، قائدِ عوام نے تو اپنی پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر کی وجہ سے رکھی تھی، یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہی تھیں، جنہوں اپنی حکومت میں ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتیِ کشمیر منانے کا آغاز کیا۔