ترک صدر اور اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت، وزیراعظم جلد صحت یابی کیلئے دعاگو

Published On 05 February,2022 07:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ کا کورونا اومیکرون ٹیسٹ مثبت آنے پر وزیراعظم عمران خان نے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم نے لکھا کہ مجھے ابھی معلوم ہوا ہے کہ میرے بھائی ترک صدر رجب طیب اردگان، اور ان کی اہلیہ امینہ اردوان کا کورونا وائرس اومیکرون کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہماری حکومت، پاکستانی عوام اور اپنی طرف سے میں ان کی جلد اور مکمل صحت یابی کی دعاگو ہوں۔

ترک صدر اور ان کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ امینہ اردوان کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

ترک صدر نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں تصدیق کی ہےکہ انہوں نے اور ان کی اہلیہ نے ہلکی علامات کے بعد کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔دونوں ٹھیک ہیں اور وائرس کے اثرات زیادہ نہیں ہیں، ہم اپنا کام گھر سے ہی جاری رکھیں گے۔

ترک صدر نے عوام سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئےکہا کہ ہم آپ کی دعاؤں کے منتظر ہیں۔

Advertisement