وزیراعظم عمران خان کی چینی وزیراعظم سمیت دیگر عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں

Published On 05 February,2022 08:09 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے چین کے وزیراعظم لی کیچانگ سمیت قطری امیر، مصری صدر سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی۔

فواد چودھری نے مزید لکھا کہ دونوں ملاقاتوں میں کشمیر اور افغانستان گفتگو کے اہم موضوعات رہے، چین پاکستان کی سیاسی، اقتصادی اور سٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت سے ہمیشہ اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

اُدھر وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چینی وزیراعظم لی کو سی پیک اور خصوصی ٹیکنالوجی زونز میں چینی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کے لیے حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال، کشمیری عوام کی تکالیف کو کم کرنے کے لیے عالمی برادری کی طرف سے فوری اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا، وزیراعظم نے افغانستان میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے پاکستان اور چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اقتصادی روابط کو مزید گہرا کرنے پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا، کثیر جہتی تزویراتی تعاون پر مبنی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کی پاک چین کمیونٹی کی تعمیر کے عزم کا اعادہ کیا۔
 

وزیراعظم کی چینی حکام سے آن لائن ملاقاتیں، صدر کے ظہرانے میں بھی شرکت

وزیراعظم عمران خان دورہ چین کے دوران دارالحکومت بیجنگ کے گریٹ ہال پہنچے جہاں انہوں نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے چائنہ انرجی اینڈ انجینئرنگ کارپوریشن اور پاور چائنا کے چیئرمینز سے آن لائن ملاقات کی۔ آن لائن ملاقاتوں میں پاکستان کے توانائی کےشعبے کی بہتری اورسرمایہ کاری سے متعلق گفتگو ہوئی۔

دوسری جانب دورے کے حوالے سے وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ چین انتہائی کامیاب جا رہاہے، چین کے صدر اور وزیراعظم سے معاشی، تجارتی تعاون پر بات ہوگی۔

اُدھر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی چین میں مصری صدر عبد الفتح السیسی اور قطری امیر تمیم بن حماد التھانی سے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان کی ازبک صدر سے ملاقات، تعلیم، ثقافت میں تعاون پر تبادلہ خیال

وزیراعظم عمران خان کی بیجنگ میں ازبک صدر سے ملاقات ہوئی، سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب کے موقع پرملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان شراکت داری کے فروغ کےعزم کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے تجارتی اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا، دو طرفہ ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کو فعال کرنے اور ترجیحی تجارتی معاہدے پر بھی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم نے ریلوے منصوبے کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا جبکہ عمران خان نے سیاحت کے فروغ کے لیےبراہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرنے پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے تعلیم اور ثقافت میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں علاقائی امن و استحکام پر بھی غور کیا گیا، دونوں رہنماوں کاعالمی برادری سے افغانستان کی اقتصادی امداد جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور وزیراعظم نے ازبک صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ 

اسد عمر :

اُدھر وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورے کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت اور صنعت کے شعبہ میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران ہماری چینی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملاقاتیں ہو رہی ہیں جو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ وزیراعظم خود ان کی براہ راست بات بھی سن رہےہیں اور جو نکات وہ اٹھارہے ہیں ان کا جواب اور تمام وزارتوں کو اس حوالے سے عملدرآمد کے لئے احکامات جاری بھی کررہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان چینی وزیراعظم لی سے ملاقات بھی کررہے ہیں اور پاکستان جن شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے درخواست کررہا ہے ان پر بھی غور ہو گا ۔ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اتوار کو ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان یہی نکات اٹھائیں گے ۔امید ہے کہ اس دورے کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت اور صنعت کے شعبہ میں چینی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔
 

چین مسئلہ کشمیر کے معاملے پر پاکستان کے ساتھ ہے، فواد چودھری

چین میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ عمران خان کی کل چین کے صدرشی جن پنگ سے اہم ملاقات ہوگی، چین نے ہمیشہ ہرمشکل میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ وزیراعظم کے دورہ چین سے دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ چین کشمیرکے معاملے پرپاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی ملاقات سے متعلق بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم توپہلے دن سے بتارہے ہیں کہ یہ سارے اکٹھے ہیں۔ یہ صرف عمران خان کی دشمنی میں سارے اکٹھے ہیں۔ 5 فروری کوپوری قوم نے کشمیریوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، ہم نے دیکھا پاکستان میں سارے کریمنلزنے بھی ایک دوسرے سے ماڈل ٹاؤن میں یکجہتی کا اظہارکیا۔ جب بھی ان کے مقدمات میں پیشرفت ہوتی ہے تویہ سارے اکٹھے ہوجاتے ہیں، ہم ان کی لوٹی دولت کوپاکستان میں واپس لانے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) سینٹرل پنجاب کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے۔ یہ سارا ایک کریمنلزکا گینگ ہے، جب ان کے جرائم کوروکنے کی بات کریں توکریمنل اکٹھے ہوجاتے ہیں، ان کی میٹنگ سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ آصف زرداری کا پیٹ پھاڑکرشہبازشریف نے پیسے نکلوانے تھے، کریمنل کوجب خطرات ہوتواکٹھے ہوجاتے ہیں، پی ڈی ایم کی موومنٹ کوہم پہلے ہی ڈھیلی ڈالی موومنٹ کہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شکست اپوزیشن کا مقدرہے، یہ سمجھ رہے ہیں کہ اگلے الیکشن ان کے ہاتھ سے نکل رہے ہیں، وزیراعظم نے خارجہ پالیسی کا محاذ سنبھالا ہوا ہے، فارن، داخلہ پالیسی میں پاکستان آگے جارہا ہے، عمران خان کا نیا پاکستان کا خواب پورا ہوکررہے گا۔
 

Advertisement