نوشہرہ:(دنیا نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، امن کے لیے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، دہشتگردی کو جڑوں سے اکھاڑ باہر کریں گے ۔
تحصیل پبی کے علاقے اورنگ آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے درجنوں عہدیداران اور کارکنان کی مستعفی ہوکر تحریک انصاف میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پرنکل چکا ہے، کل تک ایک دوسرے کو چور ڈاکو کہنے والے ذاتی مفاد کے لیے ایک ہوگئے ہیں، مفاد پرست ٹولہ ایک بار پھر حکومت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے سرگرم ہے، اپوزیشن کی خواہش ہے کہ عمران خان کو کرسی سے ہٹا کر پھر سے ڈاکہ ڈالیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا ان چوروں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک مقروض ہوا، آئی ایم ایف اور چین سے قرضہ لینے پر ہم مجبور ہوئے، حکومت کی مثبت حکمت عملی کی وجہ سے مہنگائی پر جلد قابو پالیں گے، تحریک انصاف کی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کو صحت کی مفت اور بہترین سہولیات میسر ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کرپشن کے خاتمہ میں عمران خان ایک موثر آواز ہیں، ملک کو لوٹنے والے عمران خان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں، احتجاج اور لانگ مارچ کی دھمکیاں دینے والوں کو عوام اچھی طرح جان چکے ہیں، معیشت بحرانی کیفیت سے نکل چکی ہے اور تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔