مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر ممکن نہیں: شہزاد وسیم

Published On 04 February,2022 11:57 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم کا کہنا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اس سے محبت، انسانیت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے بغیر ممکن نہیں۔

سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھارتی فوجی کے کشمیر میں قدم رکھنے سے آج تک کشمیر میں بھارتی قبضہ جاری ہے، آج کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، وعدہ کیا گیا تھا کہ کشمیریوں کی شناخت کو برقرار رکھا جائے گا، لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے خطوط موجود ہیں کہ ریفرنڈم ہوگا اور کشمریوں سے ان کی رائے لی جائے گی، مودی کے آنے کے بعد کشمیر میں ایک نئی صورتحال نے جنم لیا، ہندوتوا فلسفے کے تحت کشمیر میں غیر قانونی طور پر ڈومیسائل جاری کیے جا رہے ہیں۔

شہزاد وسیم کا کہنا تھا کہ پوری کشمیری قیادت کو پابند سلاسل کیا گیا، آسیہ اندرابی سے لیکر یاسین ملک تک پابند سلاسل کیا گیا، سید علی گیلانی کے جسد خاکی سے بھی بھارتی سورما خوف کھاتے رہے، وزیراعظم عمران خان نے مظفرآباد میں کھڑا ہو کر مودی کو جو پیغام دیا سب کے سامنے ہے۔

 قبل ازیں یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں، پوری اپوزیشن کی جانب سے کشمیر کے ساتھ یکجہتی کرتا ہوں، 7 دہائیوں سے بھارت کشمیریوں پر ظلم کرتا آ رہا ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی طرح ہمارے کارکنان کشمیریوں کی آواز بنیں گے، بھارتی حکومت کشمیر میں سے کرفیو ختم کرے اور کشمیر کا پرانا اسٹیٹس بحال کرے، بھارتی حکومت کو کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کی تبدیلی کو روکنا ہوگا، بھارت تمام کشمیریوں اور سیاسی قیدیوں کو رہا کرے، مسئلہ کشمیر کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہونے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔

Advertisement