لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا چوری چکاری اور لوٹ مار بچانے کیلئے حکومت کو بلیک میل کر رہا ہے، اپوزیشن جتنا مرضی زور لگا لے این آر او کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔
معاون خصوصی وزیر اعلیٰ و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ڈمی اپوزیشن نے سرکس کا تماشا لگا رکھا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پانچ سال پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ اپوزیشن کو ملکی ترقی سے کوئی غرض نہیں، اپوزیشن کا منشور ہے نہ ملک کو ترقی کرنے دی ہے نہ ہی کرنے دیں گے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادی ڈٹ کر کندھے سے کندھا ملا کر حکومت کیساتھ کھڑے ہیں، حکومت اور اتحادیوں کے درمیان رخنہ ڈالنے کی اپوزیشن کی تمام چالیں ناکام ہونگی، اپوزیشن عدم اعتماد کا شوق پورا کرلے، پہلے کی طرح منہ کی کھائے گی، قوم دیکھ رہی ہے کہ کس طرح یہ اپنے مفاد کیلئے اکٹھے ہو جاتے ہیں۔