'کسی کو بنیادی حق دینے سے انکار اور حجاب پہننے پر خوفزدہ کرنا ظلم ہے'

Published On 09 February,2022 12:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کسی کو بنیادی حق دینے سے انکار اور حجاب پہننے پر خوفزدہ کرنا ظلم ہے۔

وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لڑکیوں کو تعلیم سے محروم رکھنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، دنیا کو سمجھنا چاہیے یہ مسلمانوں کیخلاف بھارتی ریاستی منصوبہ ہے۔

خیال رہے ریاست کرناٹک میں باحجاب طالبات پر کالجوں کے دروازے بند کر دیئے گئے، ایک نڈر لڑکی حجاب پہن کر کالج میں داخل ہوئی تو بی جے پی کے غنڈے اس پر ٹوٹ پڑے، نہتی لڑکی نے انتہا پسندوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر نعرہ تکبیر بلند کیا۔ اپنی بچیوں کی حمایت میں کرناٹک کی خواتین بھی باہر نکل آئیں اور انتہا پسند ہندوؤں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔

 

مسلم طالبات کا کہنا ہے کہ وہ دہائیوں سے حجاب پہن کر کالج آتی ہیں، اب انتہا پسندوں کے ڈر سے وہ اپنے حجاب نہیں اتاریں گی اور ہر میدان میں مقابلہ کریں گی۔ نعرہ تکبیر بلند کرنے والی لڑکی مسکان نے کہا اسائمنٹ دینے آئی تھی، مجھے کالج میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا تھا، ہندو انتہا پسندوں کے نعروں کے جواب میں نعرہ تکبیر بلند کیا اور مجھے ایک لمحے کے لیے بھی خوف محسوس نہیں ہوا۔