لاہور: (دنیا نیوز) حسان خاور نے کہا ہے کہ حکومتی اتحادیوں کے انکار سے اپوزیشن کے ارمان آنسووں میں بہہ گئے، اپوزیشن کے خواب خیالوں کے محل تعمیر ہونے سے پہلے ہی زمین بوس ہوگئے۔
معاون خصوصی وزیر اعلی و ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ کرپٹ اپوزیشن کے خام خیالی کے گھروندے ریزہ ریزہ ہوگئے، اپوزیشن کے کیمپوں میں مایوسی کے گہرے سیاہ بادل منڈلا رہے ہیں، انہوں نے ہر طرف سے ناکامی، نامرادی اور مایوسی کے بعد نیا ڈرامہ رچانے کی کوشش کی، اپوزیشن 2023 کے الیکشن میں شکست کے خوف سے متحد ہو رہی ہے، انہیں اگلے الیکشن میں واضح شکست نظر آرہی ہے۔
حسان خاور کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیلزپارٹی ایک سکے کے دو رخ ہیں، ن لیگ نے کلرکوں، چپڑاسیوں تو پیپلزپارٹی نے چھابڑی، فالودے والوں کے اکاؤنٹس بھرے، ن لیگی مافیا نے مے فیئرز ایون فیلڈز جیسے اربوں کھربوں کے محل بنائے جبکہ پیپلزپارٹی مافیا بھی پیچھے نہ رہا، سوئس بنکوں کو بھر دیا اور سرے محل بنا ڈالے، دونوں کرپٹ جماعتوں کے اقتدار میں آنے کے بعد انکے اثاثوں کو پر لگ گئے۔