لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر خاتون اول سے علیحدگی سے متعلق جاری پروپیگنڈے کی تردید کر دی۔ انہوں نے کہا پچھلے 6 ماہ سے بشریٰ بی بی لاہور گئی ہی نہیں۔
وزیراعظم اور اینکر پرسن جنید سلیم کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ میرے اور خاتون اول کے درمیان اختلاف رائے کی خبریں بے بنیاد ہیں، مریم نواز کا میڈیا سیل اس طرح کی مہم چلانے میں مصروف ہیں، کچھ عرصے پہلے بھی اسی میڈیا سیل نے بے بنیاد مہم چلائی تھی، اس طرح کے پروپیگنڈے کا مقصد میری ذاتی زندگی کو نشانہ بنانا ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیتموں میں اضافے پر وزیراعظم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پوری کوشش ہے عوام کی آمدن بڑھائی جائے اور لوگوں کو روزگار کے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں، اگلے 6 ماہ تک اس کے اثرات آنا شروع ہوجائیں گے، عوام کو مہنگائی کی دلدل سے نکالنے کے لئے تیاری کر رہا ہوں، اپوزیشن کی تحریک پر کوئی توجہ نہیں۔
خیال رہے کچھ روز قبل خاتون اول بشری بیگم کی دوست فرح خان نے تمام افواہوں کی تردید کی۔ ٹویٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا خاتون اول میرے گھر قطعا قیام پذیر نہیں، وہ بنی گالہ اسلام آباد میں ہیں، سیاست میں اتنا نیچے نہیں گرنا چاہیے کہ لوگوں کی ذاتی زندگیوں سے متعلق جھوٹ بولے جائیں۔
انہوں نے قوم کو حقیقت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ پر مبنی واٹس اپ میسجز کے ذریعے وزیراعظم اور خاتون اول کے بارے میں منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، بشری بی بی میرے گھر نہیں بلکہ اپنی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہی موجود ہیں۔