پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں بی آر ٹی سروس تو چل رہی ہے لیکن منصوبے میں شامل شاپنگ مالز اور پلازے نہ بن سکے، تعمیراتی کام بھی سست روی کا شکار ہوگیا۔
خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں بی آر ٹی بس تو دوڑا دی لیکن منصوبے میں شامل شاپنگ مالز اور پارکنگ پلازے تاحال پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔ بی آرٹی منصوبے میں تین شاپنگ مالز اور پارکنگ پلازہ بھی شامل تھے لیکن عوامی دباؤ کے تحت صرف بس سروس ہی شروع کی جاسکی، کامیابیوں اور ایوارڈز کے دعوؤں کے باوجود منصوبے کا تعمیراتی کام مکمل نہیں کیا جاسکا۔
معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے ایک بار پھر جان چھڑاتے ہوئے جلد مکمل کرلیا جائیگا کے الفاظ دہرا دیئے۔ شہریوں نے بھی تعمیراتی میں سست روی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت کام کو جلد مکمل کرے۔
بی آر ٹی منصوبے میں حکومت کی جانب سے سبسڈی نہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا تھا لیکن ایک بار پھر یوٹرن لیتے ہوئے 2020-21 میں 1 اعشاریہ 8 ارب روپے کی سبسڈی بھی دی گئی ہے۔