بلوچستان میں کالعدم ٹی ٹی پی کیخلاف سکیورٹی فورسز کا آپریشن، دہشتگرد ہلاک

Published On 24 February,2022 05:59 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) بلوچستان میں امن دشمنوں کیخلاف کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک اور دہشتگرد کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے سمبازا میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے دہشتگردوں کو پکڑنے کے لیے آپریشن کیا، دہشتگرد ملحقہ قبائلی اضلاع میں دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔

بیان کے مطابق اس دوران سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ غار میں چھپے دہشتگردوں نے بھاگنے کی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ کی اسی دوران فورسز کیساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ جس کے نتیجے میں 1 دہشت گرد مارا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ برآمد کیا گیا، بھاری تعداد میں یہ اسلحہ دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کے خلاف استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

بیان کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

Advertisement