سری لنکا کیساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعلقات چاہتے ہیں: آرمی چیف

Published On 22 February,2022 07:12 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سری لنکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعلقات چاہتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سے سری لنکن نیوی کمانڈر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی اور افغان صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے ساتھ دور رس تعلقات کے خواہاں ہیں، سری لنکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں طویل المدتی تعلقات چاہتے ہیں، علاقائی ممالک کو پائیدار امن و استحکام کیلئے مل کر کام کی ضرورت ہے۔

ملاقات کے دوران سری لنکن نیوی کے کمانڈر نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور دونوں افواج میں دفاع، تربیت اور انسداددہشتگردی میں تعاون کےعزم کااظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈرسری لنکن نیوی نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں، علاقائی استحکام میں کردار کو بھی سراہا۔

پاکستان آسٹریلیا سے اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے: آرمی چیف

دوسری طرف آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلین چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل انگس جے کیمبل کی ملاقات ہوئی ہے۔

بیان کے مطابق ملاقات میں فوجی تعاون،افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر بات چیت کی گئی جبکہ ملاقات میں خطے کے امن و سلامتی کے لیے کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملاقات میں آسٹریلین چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل انگس جے کیمبل نے پاکستان کی مسلح افواج کے پروفیشنلزم کو تسلیم کیا۔

اس موقع پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آسٹریلین جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا سے اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔

Advertisement