جنرل ندیم رضا سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کی ملاقات

Published On 22 February,2022 08:08 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ازبکستان کے نائب وزیراعظم سردار عمر زاکوف نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دوطرفہ سٹرٹیجک دلچسپی کے امور خصوصاً افغانستان میں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں برادر ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ معززین نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور گہرے تعلقات کو جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاکستان علاقائی ممالک کے ساتھ دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے عمل کے حصے کے طور پر ازبکستان کے ساتھ اپنے موجودہ دوطرفہ عسکری تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔

ملاقات میں سردار عمر زاکوف نے پاکستان کے اہم قومی مفادات کے تحفظ اور اس کی خود مختاری / علاقائی سالمیت کے دفاع میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔
 

Advertisement