برسلز: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان بیلجئم کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیلجئم کا دورہ کیا، اس دوران سپہ سالار کی بیلجئم کے وزیر دفاع، چیف آف ڈیفنس اور چیف آف سٹاف سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ،علاقائی سکیورٹی صورتحال، باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں جانب سے عسکری اور دفاعی پیداوار میں تعاون کے فروغ اور انسداد دہشت گردی، انٹیلی جنس، تربیت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بیلجئم کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیلجئم کی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آگاہ کرتےہوئے بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیلجیئم کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے برسلز میں یورپی یونین ملٹری کمیٹی کے چیئرمین جنرل کلاڈیو اور سیکرٹری جنرل یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروسز سٹیفانو سانینو سے ملاقات کی۔
General Qamar Javed Bajwa, COAS is on an official visit to Belgium. During the visit, COAS called on Mr Stefano Sannino, Secretary General of the European External Action Service (EEAS) & General Claudio Graziano, Chairman of the EU Military Committee. (1/3) pic.twitter.com/UnBQt9yUr5
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) February 17, 2022
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں افغانستان سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گفتگو کی گئی جبکہ یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں یورپی یونین حکام نے خطے کے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پاکستان یورپی یونین ممالک سے اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، یورپی یونجن ممالک سے مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں۔