سکیورٹی فورسز کا خیبرپختونخوا، بلوچستان میں آپریشن، دو دہشتگرد ہلاک

Published On 14 February,2022 07:53 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختوانخو اور بلوچستان میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے دوسالی میں خودکش حملہ آور نے ملٹری پوسٹ میں گھسنے کی کوشش کی اور اہلکاروں پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔

بیان کے مطابق خودکش حملہ آور نے اہلکاروں پر ہینڈ گرینیڈ سےحملے کی بھی کوشش تاہم سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں خودکش حملہ آور مارا گیا۔ ہلاک دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جبکہ مارے گئے دہشت گرد کی شناخت شریف کے نام سے ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔ مقامی افراد نے سکیورٹی فورسزکی بروقت مؤثرکارروائی کوسراہا اور علاقے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

پسنی میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں دہشتگرد کمانڈر مارا گیا

دوسری طرف سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے پسنی میں امن متاثر کرنے والے دشمنوں کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا، اس دوران بھاگتے دہشت گردوں نے سکیورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر ہدایت عرفہ بالاچ مارا گیا، مارا جانے والا دہشت گرد گوادر اور پسنی واقعات میں ملوث تھا، آپریشن کےدوران ہتھیاراورگولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

سکیورٹی فورسز کی خضدار میں کارروائی، دو دہشتگرد گرفتار

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری کردہ ایک اور بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں بھی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران 2 دہشت گرد نیاز اور محمد جان چھوٹی مشین گن سمیت گرفتار کر لیے گئے۔

بیان کے مطابق دہشت گرد اور سہولت کاروں کیخلاف آپریشن جاری رکھےگا، بلوچستان میں امن اورترقی کا عمل سبوتاژنہیں ہونےدیں گے۔

 

Advertisement