جنرل ندیم رضا کا دورہ عمان، اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں

Published On 10 February,2022 10:18 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے عمان کا دورہ کیا اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو دورہ عمان میں المرتفع کیمپ پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا کی نائب وزیر اعظم برائے دفاعی امور ، وزیر شاہی دفتر، چیف آف سٹاف سے ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون بشمول سکیورٹی، انسداد دہشت گردی، افغانستان کے تناظرمیں علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی مہارتوں کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان فوجی روابط پر گفتگو کی گئی اور گہرے تزویراتی تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

اس موقع پر جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان اور عمان دو برادر اسلامی ممالک ہیں، دونوں ممالک دوطرفہ دفاعی تعلقات میں توسیع کے لئے تعمیری کام کررہے ہیں، خطے میں امن و استحکام کے لئے بھی اقدامات کررہے ہیں۔

عمانی قیادت نے عمان کی مسلح افواج کی صلاحیت میں اضافے کے لئے پاک افواج کے کردار اور دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو بھی سراہا۔
 

Advertisement