کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کے تعلیم کی بہتری کے دعوے صرف بیانات تک محدود نظر آنے لگے۔ بن قاسم ٹاؤن میں سرکاری اسکول خستہ حالی کا شکار ہے۔ خراب حالت کے باعث 100 سے زائد طلبا و طالبات نے اسکول چھوڑ دیا۔
عمارت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہے۔ کلاس رومز میں جانور بندھے ہیں۔ کمروں کی چھتیں بھی گر رہی ہیں لیکن پھر بھی سندھ حکومت تعلیمی نظام کی بہتری کی دعویدار ہے۔
کراچی کے سندھ گورنرمنٹ بوائز پرائمری اسکول بن قاسم ٹاون کی بد ترین حالت محکمہ تعلیم سندھ کو چیخ چیخ کر پکار رہی ہے۔ اسکول کی مخدوش حالت کے باعث طلبا و طالبات کی تعداد میں بھی کافی حد تک کمی آگئی۔ بے چارے طلبہ سندھ حکومت سے اپنی تعلیم کا حق مانگ رہے ہیں۔
اسکول ٹیچر کا کہنا ہے کہ پڑھائی کے دوران کلاس روم کی چھت کا ملبہ بھی گرا لیکن خوش قسمتی سے بچی بچ گئی۔ اسکول میں تین اساتذہ تعینات ہیں۔ طلبہ کی تعداد 200 سے کم ہو کر محض پچاس رہ گئی۔ یہ سرکاری اسکول پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سلیم بلوچ کے حلقے میں موجود ہے۔