کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف سندھ میں تنظیمی اختلافات کھل کر سامنے آ گئے ہیں، پی ٹی آئی سندھ کابینہ کی تشکیل کے اعلان کے ساتھ ہی استعفوں کی لائن بھی لگ گئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی کابینہ اور ضلعی عہدیداران کا نوٹفیکیشن جاری ہوتے ہی متعدد پی ٹی آئی عہدے دار اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ سینئرنائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہوئے، علی جونیجو نائب صدر، سینئر نائب صدر سیّد طاہر شاہ بھی عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
میرپورخاص ڈویژن سے جنرل سیکریٹری کے عہدے سے اکبر علی پلی نے بھی استعفیٰ بھجوا دیا ہے، اکبرعلی پلی کو گزشتہ روز عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔
استعفوں کے متن میں لکھا گیا ہے کہ مصروفیت کے سبب عہدے کی ذمہ داری پوری نہیں کر پائیں گے، تاہم ایک کارکن کے طور پر خدمات کی انجام دہی جاری رکھیں گے۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ مستعفی ارکان کو سندھ کے صدر علی زیدی کی پالیسی سے اختلاف ہے۔