مسلم لیگ (ق) کا پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

Published On 16 February,2022 09:37 pm

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی قیادت نے سیاسی صورتحال میں فیصلوں کا اختیار چودھری پرویز الہیٰ کو دے دیا اور حکومتی اتحادی جماعت نے بھی پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر چیمہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہیٰ، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الہیٰ، سینیٹر کامل علی آغا، ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الٰہی، فرخ خان، صوبائی وزراء حافظ عمار یاسر، باؤ رضوان، ارکان پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان بھٹی، عبداللہ یوسف وڑائچ، ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق، چودھری شجاعت، نواز اجنالہ اور خدیجہ عمر نے شرکت کی۔

چودھری پرویزالٰہی نے اپوزیشن رہنماؤں سے حالیہ ملاقاتوں پر پارٹی ارکان کو اعتماد میں لیا جس پر تمام ارکان اسمبلی نے پرویزالٰہی کو فیصلوں کا اختیار دے دیا۔

اجلاس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر سیر حاصل گفتگو کی گئی اور تمام ارکان اسمبلی نے اپنی آراء کا کھل کر اظہار کیا۔

مسلم لیگی ارکان اسمبلی نے پٹرول، بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف نہ دیا گیا تو حالات کو سنبھالنا مشکل ہوجائے گا، حکومت غریب آدمی کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔
 

Advertisement