پشاور:(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ مہنگائی پوری دنیا بڑھ رہی ہے،پٹرول سمیت امپورٹڈ اشیا کی قیمتوں میں 3سے 4ماہ بعد کمی آنا شروع ہوجائے گی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہا کہ چند لوگ ہیں جو اختلاف کر رہے ہیں،انہیں معیشت کاعلم نہیں، مہنگائی امریکہ سمیت پوری دنیا میں بڑھ رہی ہے،مہنگائی کے مسئلے پر قابو پانے کے لئے امریکی صدر جوبائیڈن تیل کے اضافی ذخائر مارکیٹ میں لے آئے ہیں تاکہ پٹرولیم قیمتیں کم ہوسکیں اور مہنگائی پر قابو پایا جاسکے۔
مشیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ مردان میں ووٹ وقت پر رجسٹرڈ ہوا ہے،کے پی کے سے تعلق نہ ہونے کی خبریں غلط فہمی پر مبنی ہیں،میں پاکستانی ہوں جہاں سے ووٹ رجسٹرڈ ہے وہاں سے الیکشن لڑسکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی میں کے پی کی ڈیمانڈ میں حصہ دیا، جو صوبے کمزور ہیں ان کے لیے لڑتا رہا ہوں، سینٹ میں آیا تو کے پی کے لیے کام کرتا رہوں گا،کراچی میں میرا کوئی ووٹ نہیں ہے، میرا ووٹ 16 نومبر کو رجسٹرڈ ہوااور میرا سسرال بھی یہاں ہے۔
اس سے قبل دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت خزانہ مزمل اسلم نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا تھا کہ عالمی سطح پر قیمتیں کم ہورہی ہیں،15دسمبر کو پٹرول کی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔