'حکومت پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ کرنے جا رہی ہے'

Published On 25 November,2021 12:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ناقابل برداشت اضافہ کرنے جا رہی ہے، وزیراعظم نے ریلیف پیکج کا اعلان کیا تھا لیکن آج کل حکومت مہنگائی پیکیج بنانے میں مصروف ہے۔

نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بجلی پر سبسڈی ختم کر کے نرخوں میں اضافہ کرے گی، قیمتوں میں اضافے کے علاوہ پیٹرول لیوی کی مد میں 610 ارب روپے کا اضافی بوجھ عوام پر ڈالا جائے گا، تباہی سرکار تین سال میں گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی 350 فیصد کا اضافہ کر چکی، اب آئی ایم ایف کے حکم پر گیس فی ایم ایم بی ٹی یونٹ پر 400 روپے کا مزید اضافہ کر رہی ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سردیوں میں لوگ گیس سے محروم ہیں، یہ ملک کو پتھر کے زمانے کی طرف لے کر جا رہے ہیں، مہنگائی سے پریشان عوام کے لئے حکومت مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے، نااہل اور ناکام حکومت کے پاس عوام کو ریلیف دینے کا کوئی منصوبہ نہیں، یہ آئے روز غیر اعلانیہ منی بجٹ پیش کر رہے ہیں۔
 

Advertisement