پٹرولیم ڈویژن کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں اضافے کی تجویز سامنے آگئی

Published On 25 November,2021 02:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات پر مارجن میں اضافے کا معاملہ، پٹرولیم ڈویژن نے پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے مارجن میں 71 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پٹرول پر او ایم سی مارجن 2 روپے 97 پیسے سے بڑھا کر 3 روپے 68 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر او ایم سی مارجن 2 روپے 97 پیسے سے بڑھا کر 3 روپے 68 پیسے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پٹرول پر ڈیلر مارجن میں 99 پیسہ فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیلر مارجن میں 83 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ پٹرول پر ڈیلر مارجن 3 روپے 91 پیسے سے بڑھا کر 4 روپے 90 پیسے کرنے کی تجویز ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر ڈیلر مارجن 3 روپے 30 پیسے سے بڑھا کر 4 روپے 13 پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے مارجن میں اضافے کی سمری ای سی سی کو بھجوائی جا چکی ہے۔ ای سی سی کی جانب سے اس حوالے سے جلد ہی فیصلہ متوقع ہے۔ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے مارجن میں تقریباً پونے 9 روپے اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement