اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ تحریک عدم اعتماد آسان نہیں، ملکی بنیادیں ہلا دیتا ہے، بلاول بھٹو کا مارچ اپنا مارچ ہے، اُنہیں اسلام آباد آنے دیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کے فیصلے میں بڑا فاصلہ پڑا ہوا ہے، ساڑھے 3 سال میں ہم نے سب کو پیکج دیا، پہلی مرتبہ غریب عوام کو پٹرول میں ریلیف دیا، بڑے آدمی کو کچھ ملے تو کوئی سوال نہیں کرتا، جب بھی غریب آدمی کو کچھ ملتا ہے لوگ باتیں کرتے ہیں، غریب ہی غریب کی مخالفت میں باتیں کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول والا مارچ اپنا ہی مارچ ہے، اس کی خیر ہے، ان کو اربوں روپیہ لگا کر اسلام آباد آنے دیں، سب ٹھیک ہوگا، اپوزیشن لانگ مارچ 23 مارچ سے آگے لیجانا چاہیں تو بہتر ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آفت دروازہ کھٹکھٹا کر نہیں آتی، سول ڈیفنس کو ہمہ وقت ناگہانی آفات کیلئے تیار رہنا چاہیے، سول ڈیفنس کی فارن ٹریننگ بھی ہونی چاہیے، نوجوان نسل کو سول ڈیفنس سے آشنا ہونا ضروری ہے، چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں تعارفی پروگرام کریں اور لوگوں کو ٹریننگ دیں۔