اپوزیشن عدم اعتماد لے آئے، ناکامی ان کا مقدر ہے: وفاقی وزیر داخلہ

Published On 22 February,2022 01:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ملاقاتیں اور گزارشات کر رہی ہیں ان کا کوئی نتیجہ نہیں نکلنا۔ وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد لے آئیں، ناکامی ان کا مقدر ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان اور جہانگیرترین پرانے ساتھی ہیں، دوستوں میں اختلافات ہو جاتے ہیں، سیاست دان کبھی دروازے بند نہیں کرتا۔ اپوزیشن کہتی ہے کارڈچھپائےہیں، عمران خان اپنے کارڈ چھاتی سے لگا کر رکھتا ہے۔ ایم کیوایم اور ق لیگ ہمارے اتحادی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عدم اعتماد لائے تب بھی پھنسے گی ، اپوزیشن ساڑھے 3 سال سے کہتی چلی آ رہی ہے کہ آج آ رہے ہیں، کل آ رہے ہیں۔ 172 ممبرلانا ان کا کام ہے، پھر کہتے ہیں کورونا آ گیا تھا، فون آ گیا تھا۔ ہو سکتا ہے ان کی بے وقوفیوں پر تاریخ لکھی جائے۔ انتشار اور خلفشار ان کے گلے پڑے گا۔ الیکشن میں ایک سال رہ گیا، انتخابی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔

شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن اسلام آباد آنا چاہتی ہے، بلاول اور زرداری بڑے شوق سے آئیں،کوشش ہو گی وہ انتظامیہ سے اپنا شیڈول طے کریں۔ روالپنڈی اوراسلام آبادکی انتظامیہ مل کر کام کرے گی۔ کراچی میں ایسےنظر آ رہا ہے جیسے وہاں کوئی قانون نہیں رہا، مرادعلی شاہ کہیں تو رینجرز تھانوں میں بھی دینے کو تیار ہیں۔ کراچی میں لاقانونیت کے برے نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

 

Advertisement