'نا اہل حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا'، فضل الرحمان کی زرداری سے ملاقات

Published On 21 February,2022 08:17 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں عدم اعتماد کی تحریک سے متعلق گفتگو ہوئی اور کہا گیا کہ نا اہل اور نا لائق حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے  پر پی ڈی ایم کے سربراہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نا اہل اور نا لائق حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری سے لوگ تنگ آگئے ہیں، سلیکٹڈ حکومت عوام میں اپنا اعتماد کھوچکی ہے، اپوزیشن اس بار تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیکر میدان میں اترے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ عوام کی نظریں اپوزیشن کی طرف ہیں، حکومت کے اتحادی بھی حکومت سے تنگ آچکے ہیں، اپوزیشن کی تیاری مکمل ہے اور حکومتی اراکین بھی رابطوں میں ہیں۔

قبل ازیں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری حکومت مخالف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے جہاں پر امیر جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں میں تحریک عدم اعتماد اور حکومت مخالف تحریک پر بات چیت کی گئی۔

واضح رہے کہ سابق صدر آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان کل ملاقات کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان کل ایک اور ملاقات

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کل بلاول ہاؤس میں ملاقات کے بعد سیاسی رہنماؤں کو عشائیہ بھی دیں گے۔

ملاقات میں سیاسی صورتحال، تحریکِ عدم اعتماد کی پیشرفت پر گفتگو ہوگی، دونوں رہنما ملاقات میں حکومت مخالف لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔

دوسری طرف ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری 24 فروری کو جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کریں گے۔ سراج الحق سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے تعاون مانگیں گے۔ 24 فروری کو تین بجے منصورہ میں ملاقات ہوگی۔