آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے درمیان کل ایک اور ملاقات

Published On 21 February,2022 06:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد دو بڑی سیاسی پارٹیوں کے درمیان قربت آنے لگی، پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کے درمیان ایک اور ملاقات ہو گی۔

سیاسی منظر نامے پر ایک اور پیشرفت سامنے آئی ہے، سابق صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے درمیان منگل کو ایک اور ملاقات ہو گی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات بلاول ہاؤس لاہور میں ہو گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری، سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔

ملاقات کے دوران سیاسی صورتحال ،عدم اعتماد کی تحریک پر پیش رفت بارے بات چیت ہوگی جبکہ دونوں رہنما ملاقات میں حکومت مخالف لائحہ عمل کو حتمی شکل دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی پی ، ن لیگ میں حکومت سے چھٹکارے کیلئے تمام آپشن استعمال کرنے پر اتفاق

خیال رہے کہ 5 فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ماڈل ٹاؤن میں لیگی صدر شہباز شریف سے ملاقات کی تھی۔

دوسری طرف ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری 24 فروری کو جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سے ملاقات کریں گے۔ سراج الحق سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے تعاون مانگیں گے۔ 24 فروری کو تین بجے منصورہ میں ملاقات ہوگی۔