پاکستان، کینیا کا دفاعی، سکیورٹی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

Published On 03 March,2022 09:20 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاکستان اور کینیا نے موجودہ دفاعی، سیکیورٹی تعلقات کو مضبوط اور بڑھانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کینیا کا سرکاری دورہ کیا اور معززین سے ملاقات کیں۔

بیان کے مطابق جنرل ندیم رضا کے ساتھ ملاقات کرنے والوں میں کابینہ سیکرٹری یوجین لوڈوک وامالوا، چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل رابرٹ کیریوکی کیبوچی، کمانڈر کینیا آرمی لیفٹیننٹ جنرل والٹر آر کوئیپٹن، کمانڈر کینیا ایئر فورس میجر جنرل جان موگاروائی اور کمانڈر کینیا نیوی میجر جنرل جمسن لونگیرو مٹائی شامل تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی، دفاعی تعاون کے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے سے متعلق امور پر الگ الگ ملاقاتوں میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان کینیا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، یقین رکھتے ہیں دونوں ممالک باہمی روابط خصوصاً دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعلقات کو بڑھانے کے ذریعے بامعنی، طویل المدتی سٹریٹجک تعلقات کو فروغ دیں گے۔

کینیائی حکام نے پاکستان کی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں اور علاقائی امن و استحکام بالخصوص افغانستان میں امن کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔

قبل ازیں کینیا ڈیفنس ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے جنرل ندیم رضا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

Advertisement