تحریک عدم اعتماد: اب کٹی، کٹا نکل جائے گا، شیخ رشید

Published On 08 March,2022 04:55 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ 2 ماہ سے لگے تھے میچ تو ہونا ہی تھا، اب کٹی، کٹا نکل جائے گا، میرا یقین ہے انشااللہ یہ میچ عمران خان جیتیں گے۔

اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 172 ارکان اپوزیشن نے لانے ہیں، اسپیکر 14 دن میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں، وزیراعظم سے آج ملاقات ہوئی اور وہ پراعتماد ہیں،عمران خان نے کارڈ چھاتی سے لگائے ہیں، مقابلے کا بغل بج گیا ہے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ میرے حساب سے 22 یا 23 مارچ کو اجلاس بلایا جائے گا، اس دن او آئی سی کا اجلاس ہوگا، ساری دنیا کے وزرائے خارجہ 23 مارچ کو اسلام آباد آئیں گے تو اسلام آباد میں تماشا لگا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ریکوزیشن کے 14دن بعد اجلاس بلایا جاتا ہے، اسپیکراجلاس بلاسکتے ہیں جبکہ صدر مملکت اجلاس بلانے کے پابند نہیں ہیں۔
 

 عمران خان لٹیروں اور منافقوں سے نہ گھبرائیں، وزیراعظم چوروں کو شکست دیں گے 

قبل ازیں شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان لٹیروں اور منافقوں سے نہ گھبرائیں، وزیراعظم چوروں کو شکست دیں گے، سیاسی مخالفین ملک کی ترقی کے دشمن ہیں، انہیں ناکامی ہوگی۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی تعلیم میں راولپنڈی پاکستان میں پہلے نمبر پر ہے، 90 کی دہائی میں یہ یونیورسٹی آپ کے کارکن نے بنائی تھی، راولپنڈی میں موجود تمام ڈھوکیں غریبوں کی بستیاں تھیں، ہم نے راولپنڈی کے ہر ڈھوک میں تعلیمی ادارے بنا دیئے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ لال حویلی کو یونیورسٹی کو دینے کا اعلان کرتا ہوں، 90 کی دہائی میں میری کوششوں سے فاطمہ جناح یونیورسٹی بنائی گئی، یونیورسٹی خواتین کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، راولپنڈی میں خواتین کیلئے کئی تعلیمی ادارے بنائے۔

Advertisement