لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے ملاقات کی، چوہدری سرور نے ملکی ترقی کیلئے بلوچستان کی خوشحالی کو لازمی قرار دیدیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان دشمن قوتوں سے ملک میں امن واستحکام برداشت نہیں ہورہا۔
ملاقات کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نیوالے عناصر کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا ۔ وزیر اعظم کا کوئی ذاتی ایجنڈہ نہیں وہ صرف ملک وقوم کی ترقی چاہتے ہیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت ملک میں یکساں ترقی کی پالیسی پر گامزن ہے۔ دہشت گردی سمیت ملک کو درپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے سب کو متحد ہونا ہوگا۔ موجودہ حکومت جمہوریت سمیت تمام اداروں کی مضبوطی پر یقین رکھتی ہے ۔ پنجاب ہر مشکل وقت میں اپنے بھائی بلوچستان کیساتھ کھڑا ہوتا ہے ۔
گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا کہ ملک میں انتشار پیدا کر نے کی کوشش کر نیوالے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں، تمام جماعتوں کو سیاسی اور ذاتی نہیں ملکی اور قومی مفادات کو تر جیح دینی چاہیے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بلوچستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ تحریک انصاف ملک وقوم کو مسائل سے نجات دلاکر ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔