عدم اعتماد: ن لیگ پارلیمانی پارٹی اجلاس، فیصلوں کا اختیار شہباز شریف کو تفویض

Published On 13 March,2022 10:49 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی گئی متحدہ اپوزیشن کی جانب سے نمبر پورے کرنے کے حوالے سے تگ و دو جاری ہے، اسی تناظر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں صدر میاں شہباز شریف کو نواز شریف کی رہنمائی میں تمام فیصلوں کا اختیار تفویض کردیا گیا۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی رہائش گاہ پر اجلاس ہوا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تمام 84 ارکان قومی اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی، شہبازشریف نے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا۔

اجلاس میں پارلیمانی پارٹی کی جانب سے کہا گیا کہ قائد محمد نوازشریف اور شہبازشریف کے ہر فیصلے پر لبیک کہیں گے، شہبازشریف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لئے تمام فیصلے کریں گے، تحریک عدم اعتماد عوام کا مطالبہ ہے، کامیابی یقینی ہے۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مزید کہا گیا کہ قوم کو مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی تباہی مزید قبول نہیں، عوام حکومت سے نجات، مہنگائی سے ریلیف اور قومی مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کی تقریر میں عیاں ہے وہ گھر جانے والے ہیں، پارلیمانی پارٹی نے قومی اسمبلی اجلاس فوری بلانے کا کہا ہے، نمبر گیم ہماری تحریک عدم اعتماد جمع کروانے سے پہلے ہی پوری تھی، تحریک عدم اعتماد والے دن انہیں پارلیمنٹ جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، کسی آرٹیکل 63 میں پارلیمنٹ جانے والے کو نااہل کرنے کا نہیں لکھا، ارکان اپنا اختیار استعمال کرلیں گے اسکے بعد انکے خلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے، اجلاس میں پارلیمانی پارٹی اجلاس تمام 84 ممبران نے شرکت کی، شہباز شریف خاصے پر اعتماد دکھائی دے رہے تھے جبکہ مسلم لیگ ن نے روزانہ پارلیمانی پارٹی کے اعزاز میں عشائیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اجلاس کے حوالے سے ذرائع کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے تک روزانہ ایک رکن اراکین کو عشائیہ دے گا، کل رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر کی طرف سے عشائیہ دیا جائے گا جبکہ شہبازشریف نے تمام ارکان کو تحریک عدم اعتماد کی ووٹنگ تک اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کل عدالت میں پیشی کے لیے لاہور جا رہے ہیں، آج پیشیاں ہم بھگت رہے ہیں کل سے عمران نیازی اور اسکے حواریوں کی پیشیوں کا سلسلہ شروع ہو گا، ہمیں سیاسی انتقام کی خاطر پیشیاں بھگتنی پڑ رہی ہیں، ہم سیاسی انتقام نہیں لیں گے، انہیں قانون کے مطابق عدالتوں سے انصاف لینا پڑے گا، اب سے انکی پیشیوں کا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے، تمام اتحادیوں سے بات چیت جاری ہے، عمران نیازی کے اتحادی بھی اب اسکا بوجھ اٹھانے کی ہمت ہار چکے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے پارلیمانی پارٹی کی جانب سے مکمل فیصلوں کا اختیار دینے پر اظہار تشکر کیا۔

عمران صاحب آپ آلو ٹماٹر کی قیمت ٹھیک نہیں، ملک کا کباڑہ کرنے آئے تھے: شہباز

 پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے وزیراعظم کے خطاب کو اعتراف شکست قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ واقعی آلو ٹماٹر کی قیمت ٹھیک کرنے نہیں آئے تھے بلکہ ملک اور عوام کا کباڑہ کرنے آئے تھے اور آپ نے یہ کام پورا کرلیا ہے، اب گھر جائیں۔

وزیراعظم کے حافظ آباد میں تحریک انصاف کے جلسہ سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران صاحب آپ تو سقوط کشمیر، سی پیک کو روکنے، کرپشن میں پاکستان کے 24 درجے بڑھانے آئے تھے، یہ تباہی آپ نے کر دی ہے، اب گھر جائیں، پاکستان کے دوستوں کو ناراض کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کردیا، عمران صاحب آپ پاکستان کی معاشی خود مختاری آئی ایم ایف کے حوالے کرنے آئے تھے، وہ ایجنڈا آپ نے پورا کر دیا، آپ ڈالر کی قیمت 125 سے 180 کرنے آئے تھے، معیشت کی یہ تباہی آپ نے پوری کامیابی سے کر دی ہے، فارن فنڈنگ کی کالی دولت کی مدد سے جو گند ڈالنے آئے تھے، وہ آپ پھیلا چکے، اس گندگی کو صاف کرنے کا وقت آگیا ہے ۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کی 6 فیصد گروتھ روکنے اور کم ترین 3 فیصد مہنگائی کو تاریخ کی بلند ترین 26 فیصد پر لیجانے کا ایجنڈا پورا کردیا، اپنا بنی گالہ کا غیر قانونی محل، آپ پٹرول کی قیمت 96 روپے سے 160 کرنے آئے تھے، آٹا 35 روپے سے 100، چینی 52 سے 130 روپے کلو اور بجلی 11 روپے سے 26 روپے فی یونٹ کرنے آئے تھے، یہ ظلم آپ کر چکے ہیں، گیس کی قیمت میں 100 فیصد، دوائی کی قیمت میں 500 فیصد اضافہ، گھی 140 سے 440 روپے کلو آپ کر چکے ہیں۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ دنیا میں پاکستان کو تیسرا مہنگا ترین ملک آپ بناچکے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کی قیامت برپا کر چکے ہیں، آپ قوم کا آٹا چینی، کھاد چھننے آئے تھے، یہ کام آپ کامیابی سے انجام دے چکے ہیں، اخلاقیات کا جنازہ نکالنے آئے تھے، وہ آپ کر چکے ہیں، عمران صاحب آپ کا کام پورا ہوگیا، اب گھر جائیں اور مہنگائی، بے روزگاری، معاشی تباہی کی ماری قوم کو سکھ کا سانس آنے دیں۔
 

Advertisement