ڈی آئی خان:(دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہوا کا غبارہ، سوئی لگنے کی دیر ہے، پورا ملک تیار رہے ہم کسی وقت بھی کال دے سکتے ہیں۔
ڈیر اسماعیل خان میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جو لبادہ اوڑھ رکھا تھا وہ بے نقاب ہو گیا ہے، ان کو مخصوص ایجنڈے کے تحت پاکستان لایا گیا ،آج سب کچھ عیاں ہوگیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پورا ملک تیار رہے ہم کسی وقت بھی کال دے سکتے ہیں، جیسے پہلے ایک گھنٹے میں پورا ملک جام کیا تھا، اتحادی عمران خان کو چھوڑ چکے ہیں، عدم اعتماد ناکام ہونے کا تاثر بھی غلط ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی اکثریت اور اتحادیوں کا اعتماد کھوچکے ہیں، اپوزیشن کی کامیابیاں آخری مراحل میں ہیں، فیصلے کہیں اور ہونے کا تاثر ختم کیا جائے، عمران خان دس لاکھ افراد نہ لاؤ،بس 172 نمبر پورے کرو۔