جے یو آئی کا بھی ڈی چوک میں بھر پور قوت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ

Published On 14 March,2022 06:00 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیاسی گہما گہمی بڑھنے ، پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے 27 مارچ کو وفاقی دارالحکومت ڈی چوک پر تاریخی جلسے کے اعلان کے بعد جمعیت علمئاے اسلام (ف) نے بھی اسلام آباد میں بھرپرو قوت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ترجمان جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مطابق اضلاع کی تنظیموں کو اسلام آباد کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع تحصیل ویلج ونیبر ہڈ کونسل کی تنظیمیں تیار رہیں، کسی بھی وقت قائد پی ڈی ایم کے اعلان پر اسلام آباد کی طرف رخ کیا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طرف سے اسلام آباد کے ڈی چوک پر 27 مارچ کو تاریخی جلسے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی ذمہ داری وفاقی وزیر اسد عمر، پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کے سپرد کی گئی ہے۔

اس سے قبل عطاء تارڑ نے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے اعلان کے بعد مسلم لیگ ن بھی اسلام آباد میں بڑا جلسہ کرے گی۔

ایک بیان میں رانا ثنااللہ نے تمام مقامی تنظیموں کی ہدایت کی ہے کہ تیار رہیں اور جیسے ہی پارٹی اعلان کرے ڈی چوک کے طرف چل پڑیں۔
 

Advertisement