مسلم لیگ ق پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے: اسد عمر

Published On 14 March,2022 05:48 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کو پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی قرار دیدیا۔

اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں پاکستان اوورسیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ 2018 کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے شہری علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے، گلگت میں بھی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔

حکمران جماعت پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف خیبر سے کراچی تک ملک بھر کے پاکستانیوں کی پارٹی ہے جبکہ ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے۔ مسلم لیگ ن جی ٹی روڈ کی پارٹی اور پیپلز پارٹی اندرون سندھ کی پارٹی ہے، باپ بلوچستان کی پارٹی اے این پی خیبر پختونخواہ، پی ایم ایل کیو پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے۔ ایک پارٹی ہے جو خیبر سے چین کے بارڈر تک جہاں بھی جائیں آپ کو عمران خان کا چاہنے والا اور ووٹر ملے گا۔

انہوں نے عمران خان کو پاکستان کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور لیاقت علی خان کے بعد تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو بھی ناکام بنا دیں گے۔

Advertisement