شہباز شریف کا اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت کے اعزاز میں عشائیہ

Published On 14 March,2022 09:38 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کی اعلیٰ قیادت کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ لیگی صدر نے خود پیپلزپارٹی کے وفد کا استقبال کیا۔

پیپلز پارٹی کے وفد میں سابق صدر آصف زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو، سابق وزیراعظم یوسف گیلانی، شیری رحمان اور دیگر شریک ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف،خواجہ سعد رفیق،احسن اقبال،احمد ملک عشائیے میں شریک تھے۔

دوسری طرف حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی عشائیے میں شریک ہوئے، مولانا عبدالغفور حیدری، اکرم دُرانی و دیگر بھی ہمراہ تھے۔

دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حیدر خان ہوتی، ایمل خان ولی، بی این پی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل، جمعیت اہلحدیث کے ساجد میر، شفیق ترین، مبیر کبیر اور شاہ احمد نورانی نے بھی شرکت کی۔ عشائیے کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

شہباز شریف کے عشائیے سے قبل اپوزیشن رہنماؤں کا اجلاس ہوا، جس میں تحریک عدم اعتماد کے لئے رابطوں پر اظہار اطمینان کیا گیا۔

 

Advertisement