اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ڈی چوک جلسے سے پہلے ہی اپوزیشن پر گھبراہٹ طاری ہے، سیاست کمزور دل لوگوں کا کام نہیں، مخالفین نے گھوڑوں اور گدھوں کا مینا بازار لگا رکھا ہے، جاوید لطیف نے ہارس ٹریڈنگ کا اعتراف کرلیا، الیکشن کمیشن بیان پر نوٹس لے۔
اسلام آباد میں اسد عمر اور فرخ حبیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سیاست کے یہ آخری دن ہیں، ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا آگے، آگے دیکھیئے ہوتا ہے کیا، سندھ ہاؤس میں کھچروں، گھوڑوں، گدھوں کا مینا بازار لگایا ہوا ہے، الیکشن کمیشن کو خرید و فروخت نظر نہیں آتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے چہرے کبوتروں جیسے ہیں، ان کی سیاست ختم ہو رہی ہے، فضل الرحمان، (ن) لیگ عمران خان جیسا ایک جلسہ بھی کر کے دکھا دیں، مدرسے کے بچوں کے ساتھ جلسے نہیں ہوتے، مرد بنیں عمران خان کی طرح جلسے کر کے دکھائیں۔
نیوز کانفرنس میں اسد عمر نے کہا کہ 27 مارچ کا جلسہ دنیا یاد رکھے گی، اپوزیشن کی عدم اعتماد تحریک کے غبارے سے ہوا نکلنا شروع ہوگئی ہے، جلسے کے حوالے سے 7 انتظامی کمیٹی بنا دی گئی ہے، تمام صوبائی صدور بھی جلسے کے حوالے سے کمیٹیاں بنائیں گے، ملک کے کونے، کونے تک 27 مارچ جلسے کا پیغام پہنچائیں گے، عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، قوم خود دار لیڈر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔