اسلام آباد:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ اتحادیوں سے بات چیت جاری ہے، جلد فیصلہ ہوجائے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے بعد سیاسی جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے، نمبرز پورے کرنے کے لئے اپوزیشن مسلسل اپنی کوششوں میں مصروف ہیں۔
اسی تناظر میں شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں سے بات چیت جاری ہے، جلد فیصلہ ہوجائے گا۔ صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ تاخیر کیوں ہورہی ہے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ یہ سوال اتحادیوں سے پوچھیں، بات چیت چل رہی ہے آپ دعا کریں۔
صحافی نے ایک اور سوال کیا کہ آپ کی او آئی سی ممالک سے بہت دوستیاں ہیں۔ جس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ آپ انہیں میرا سلام پہنچا دیجئے گا۔