لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل نے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے سندھ میں گورنر راج کے بیان کی مذمت کر دی۔
پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگانے سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے، اس سے جمہوری عمل کو نقصان ہوگا ، غیر جمہوری اقدام روکنے کیلئے عوام اور وکلا برادری ہر حد تک جائے گی۔
یاد رہے کہ وزیرداخلہ شیخ رشید نے گذشتہ روز اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ سندھ میں گورنر راج نافذ کر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس ایکسپوز ہوگیا ہے، سندھ کے پیسوں کو اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ آج قوم اور ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ ایک طرف چور، اچکے اور لوٹ مار کرنے والے اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے ایک ہوگئے ہیں، کبھی وہ قومی حکومت اور کبھی ٹیکنو کریٹ حکومت کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ساری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، 27 تاریخ کو عوام کا سمندر ڈی چوک آئے گا۔