حکومت کا ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس لانے کا فیصلہ

Published On 18 March,2022 02:11 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس لائے گی۔

حکومتی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں بڑا فیصلہ، سپریم کورٹ کے 2018 کے فیصلے کی روشنی میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس لایا جائے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں دیگر آئینی اور قانونی آپشنز پربھی غور کیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور اٹارنی جنرل نے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف قانونی کاروائی کے حوالے سے مشاورت اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا، تحریک انصاف نے منحرف اراکین کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کو ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہیں ہو گی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے بھرپور عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آرٹیکل63 اے کی تشریح کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس فائل کریں گے، عدالت عظمی میں آرٹیکل 186 کے تحت ریفرنس فائل کیا جائیگا۔

تحریک انصاف کے اہم مشاورتی اجلاس میں وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیراطلاعات فواد چودھری کے علاوہ اسدعمر سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی۔

 

Advertisement