لاہور: (دنیا نیوز) حکومت مخالف اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کا اختیار بھی وزیراعظم عمران خان کے پاس نہیں۔
حکومت کی جانب سے اعلی عہدوں پر تقرریوں اور ٹرانسفرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ جمیعت علمائے اسلام کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے کے بعد وزیر اعظم یا حکومت کی طرف سے کسی قسم کی ٹرانسفر یا تقرری یا اس سے منسلک حکم غیر دستوری اور غیر آئینی ہوگا۔
مولانا نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اعظم خان کی فارن پوسٹنگ اقرباء پروری کی واضح مثال ہے، جو شخص گزشتہ کئی سال سے عمران خان کے سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیتا رہا اور اس کے اچھے برے اعمال میں شریک رہا، عدم اعتماد کے بعد فارن پوسٹنگ غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے، کسی قسم کی پوسٹنگ، اپائنٹمنٹ یا اسے واپس لینا غلط قدم ہوگا اور اس کیخلاف مزاحمت کرینگے۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں امید رکھتی ہیں کہ عدالتیں اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں گی، ایمرجنسی یا گورنر راج نافذ کرنے کا اختیار بھی عمران خان کے پاس نہیں کیونکہ وہ اکثریت کھو چکے ہیں۔