لاہور: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ بار کے صدر احسن بھون نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج نافذ کرنے کا بیان جمہوریت کے خلاف ہے، تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی حق ہے۔
سپریم کورٹ بار نے وزیر داخلہ شیخ رشید کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کر دی، صدر احسن بھون کا کہنا تھا کہ کسی بھی غیر جمہوری اقدام کی صورت میں آئینی راستہ اختیار کیاجائے گا۔
دریں اثنا پاکستان بار کونسل کی جانب سے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا گیا جس کے مطابق سندھ میں گورنر راج لگانے سے ملک میں انتشار پھیلنے کا خدشہ ہے، اس سے جمہوری عمل کو نقصان ہوگا ، غیر جمہوری اقدام روکنے کیلئے عوام اور وکلا برادری ہر حد تک جائے گی۔
یاد رہے کہ وزیرداخلہ شیخ رشید نے گذشتہ روز اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ سندھ میں گورنر راج نافذ کر دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس ایکسپوز ہوگیا ہے، سندھ کے پیسوں کو اراکین اسمبلی کی خرید و فروخت کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ آج قوم اور ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ ایک طرف چور، اچکے اور لوٹ مار کرنے والے اپنی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کیلئے ایک ہوگئے ہیں۔