پی ٹی آئی کا منحرف اراکین کو شو کاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ

Published On 18 March,2022 05:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سندھ ہاؤس میں موجود پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنماؤں کو پارٹی کی طرف سے شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ سندھ ہاؤس میں موجود منحرف اراکین کو شو کاز نوٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پیرصاحب پگاڑا نے حکومت کی سپورٹ کا واضح اعلان کیا ہے، فہمیدہ مرزا نے بھی سپورٹ کا اعلان کیا ہے، ہماری سیاست نہیں کہ کسی ممبر کو جا کر ڈرایا جائے، ایک سے زائد ممبران نے رابطے بھی کیے ہیں۔ مسلم لیگ کے مارچ میں جتنے بندے آنے ہیں ان کیلئے کھانے کا بندوبست کرنا مشکل نہیں ہوگا۔

شاہ محمود قریشی

اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں گورنرراج کا ارادہ تھا نا ہے، سندھ میں گورنرراج کی ضرورت ہی نہیں، ماضی کے تجربات کا جائزہ لیا، بلاول بھٹو، وزیراطلاعات سندھ سعید غنی پریشان نہ ہوں۔ یہ کہنا لوگوں کوجانے نہیں دیں گے محض پروپیگنڈا ہے۔ ہم عدم اعتماد کا مقابلہ کریں گے، جمہوری اندازمیں عدم اعتماد کوشکست دیں گے۔

وائس چیئر مین پی ٹی آئی نے نرم لہجہ اپناتے ہوئے اراکین سے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایم این ایز جو مختلف جگہوں پر ہیں،ان میں کچھ سندھ ہاؤس میں بھی ہیں، ہمارے ایم این ایز سمجھدار لوگ ہیں، سیاسی لوگ ہیں، ہمارے ایم این ایز جانتے ہیں قانون کیا کہتا ہے، آئین کیا کہتا ہے، ہمارے لوگ اگر ٹھنڈے دل سے ازسرنو جائزہ لیں تو شکوے دور ہوسکتے ہیں، کسی مخالف کی گود میں بیٹھ کر آپ اپنا مستقبل نہیں سنبھال سکتے۔

 یہ بھی پڑھیں: 24 پی ٹی آئی اراکین اسمبلی سندھ ہاؤس میں موجود ہیں: راجہ ریاض

انہوں نے مزید کہا کہ اتحادیوں کے چھوڑنے کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں، تسلسل سے کہہ رہا ہوں ہمارے اتحادی ہمارا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ ہم آج بھی اتحادیوں کوعزت دے رہے ہیں، اتحادی (ن) لیگ پر کبھی بھروسہ نہیں کریں گے، کہا جارہا ہے پنجاب میں (ق) لیگ کو وزارت اعلیٰ دی جائے گی، ن لیگ کے پاس اکثریت جب چاہے ق لیگ کے نیچے سے کلین کھینچ لیں گے، مسلم لیگ (ق) کو وزارت اعلیٰ کی پیشکش ایک سیاسی بات ہے، کہا جارہا ہے کہ ایم کیوایم بھی حکومت کوچھوڑگئی۔ ایم کیوایم کا کارکن پیپلزپارٹی کی حرکتوں سے غافل نہیں، پیپلزپارٹی نے سندھ کا حلیہ بگاڑا، مجھے نہیں لگتا ایم کیوایم والے کوئی ایسا فیصلہ کرے گی۔

وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے ایم این ایزکچھ سندھ ہاؤس میں بھی بیٹھے ہیں، تعداد کے حوالے سے قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہے، ہمارے ایم این ایزبلے کے نشان سے منتخب ہوکرآئے ہیں۔ سب کو (ن) لیگ کے ماضی کا پتا ہے۔

منحرف اراکین کو مشورہ دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نوٹوں کی بوریوں کا ذکرنہیں کروں گا، ٹھنڈے دل سے تول کربولیے۔ بازار میں مائنس ون کی باتیں ہو رہی ہیں، تحریک انصاف کا چیئر مین بانی چیئر مین ہے، ہماری پارٹی میں مائنس ون کی کوئی گنجائش نہیں، اس ابہام کودورکرلیں، ایک زمانے میں بے نظیربھٹو، زرداری، نوازشریف کے لیے مائنس ون کی بات ہوتی تھی کیا اتفاق کرتے تھے؟ یہ آزمائے ہوئے فارمولے اس کومسترد کرتے ہیں۔

فواد چودھری

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ سندھ ہاؤس میں لوگوں کوقید کیا گیا ہے، ہم سمجھتے ہیں انہیں رہا کیا جائے اورآزادانہ فیصلہ کرنا چاہیے، سپریم کورٹ سے پوچھ لیا ہے، آئین ہارس ٹریڈنگ کی اجازت دیتا ہے یا نہیں، سپریم کورٹ کی تشریح کے مطابق آگے چلیں گے۔ شوکازنوٹس کا پراسس علیحدہ ہے، سپیکر ایک طرف ڈس کوالیفائی، دوسری طرف سپریم کورٹ تشریح کردے گا۔ اجلاس کب بلانا یہ سپیکر صاحب کا اختیارہے، رانا ثنا اللہ 25 مارچ کوآئیں انہیں پانی وغیرہ پلائیں گے، چاول کی دیگوں کا بندوبست اسد عمر کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنررول ایک آپشن ہے، گورنررول آپشن پرفی الحال اس پرعمل نہیں کریں گے،27مارچ جلسے کی بھرپورتیاریاں جاری ہیں، 27مارچ کوپاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہونے جارہا ہے۔

Advertisement